news

کراچی میں پانچ منزلہ عمارت گرنے سے 4 افراد جاں بحق، ریسکیو آپریشن جاری

Published

on

کراچی میں ایک افسوسناک حادثے میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہو گئی، جس کے ملبے تلے دبے افراد میں سے اب تک چار افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ چھ زخمیوں کو فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ کراچی اسپتال ذرائع کے مطابق ان میں سے ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس افسوسناک سانحے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ریسکیو اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ تمام متاثرین کو جلد از جلد ملبے سے نکال کر طبی امداد دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں خستہ حال اور بوسیدہ عمارتوں کی تفصیلات فوری فراہم کی جائیں اور خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کر کے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے اب تک دو لاشیں اور پانچ زخمیوں کو ملبے سے نکالا ہے۔ جناح اور سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ گرنے والی عمارت کے ساتھ جڑی دو منزلہ عمارت کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو اداروں کو مؤثر کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔










Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version