news

محمود خان اچکزئی کی قومی حکومت کے لیے وزیراعظم کو مذاکرات کی پیشکش

Published

on

سینئر سیاستدان محمود خان اچکزئی نے موجودہ سیاسی اور آئینی بحران سے نمٹنے کے لیے قومی حکومت کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو مذاکرات کی پیشکش کر دی ہے۔ اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ آئین کی بحالی اور اسے توڑنے میں گزری ہے، اور اب موجودہ حکومت آئین کی دھجیاں بکھیر رہی ہے، جو سنگین معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق جو اس سے چھیڑ چھاڑ کرے، وہ سزا کا مستحق ہوتا ہے۔ محمود اچکزئی نے کہا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی سے لاکھ اختلاف ہو سکتا ہے، لیکن ان کی جماعت کے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ ناانصافی ہے، انتخابی نشان چھیننے سے لے کر الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے فیصلوں تک سب نے جانبداری ظاہر کی۔ انہوں نے پارلیمان کی صورتحال پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر سے لوگوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور اسپیکر ایوان کے تقدس کی حفاظت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا نہیں بلکہ اتحاد کا ہے، اس لیے وہ صرف قومی حکومت کے قیام کے لیے شہباز شریف سے بات چیت کے لیے تیار ہیں، کسی اور بنیاد پر مذاکرات ممکن نہیں۔ محمود خان اچکزئی نے اداروں کی آزادی، عوامی مسائل، مہنگائی اور غربت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ملک میں ایسی تحریک کی ضرورت ہے جو جمہوری اداروں کو مضبوط بنائے اور قوم کو متحد کرے۔










Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version