news

پاکستان میں سائنسدانوں کے لیے صدارتی ایوارڈز کی تیاری، میرٹ پر نامزدگیاں

Published

on

پاکستان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں خدمات انجام دینے والے ماہرین کی حوصلہ افزائی کے لیے صدارتی ایوارڈز اور قومی اعزازات دینے کی تیاریاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ماہرین کے ناموں پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور تعلیم جیسے اہم شعبوں میں خدمات انجام دینے والوں کو نامزد کرنے پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سائنسدان عالمی معیار پر پورا اترتے ہیں اور حکومت ان کی حوصلہ افزائی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے میرٹ اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ عمل جاری ہے تاکہ باصلاحیت پاکستانیوں کو ان کی خدمات کا صلہ دیا جا سکے۔ خالد مگسی کا کہنا تھا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ان سائنسدانوں اور ماہرین کو اعزازات سے نوازا جائے گا، جبکہ پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین کو بھی خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان اعزازات کے ذریعے نوجوانوں کو تحقیق، سائنس اور جدت کے میدان کی طرف راغب کیا جا سکے گا، کیونکہ ان شعبوں میں ترقی ہی ملک کی ترقی کا ضامن ہے۔ حکومت سائنس اور ٹیکنالوجی سے وابستہ افراد کی خدمات کو نہ صرف تسلیم کرتی ہے بلکہ ان کی عزت افزائی کو قومی فریضہ سمجھتی ہے۔










Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version