news
شان “ڈِڈی” جسم فروشی کے الزام میں مجرم قرار
معروف امریکی ہپ ہاپ گلوکار اور میوزک انڈسٹری کے نامور ستارے شان “ڈِڈی” کومبس پر انسانی اسمگلنگ، جنسی استحصال، اور منظم جرائم کے نیٹ ورک چلانے جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے۔ شان “ڈِڈی” پر یہ الزامات ان کی سابق پارٹنر اور ایک اور خاتون نے عائد کیے، جنہیں قانونی طور پر ’’جین‘‘ کے نام سے ظاہر کیا گیا۔ ستمبر 2024 میں گرفتار ہونے کے بعد کومبس گزشتہ کئی ماہ سے زیر حراست تھے، جب کہ ان کے خلاف مقدمے کی کارروائی تقریباً دو ماہ جاری رہی، جس میں 34 گواہوں نے عدالت میں بیان ریکارڈ کرائے، جن میں ان کی سابقہ گرل فرینڈز اور سابق ملازمین بھی شامل تھے۔ عدالت نے کومبس کو انسانی اسمگلنگ اور ریکیٹرنگ کے الزامات سے بری کر دیا، تاہم انہیں دونوں خواتین کو جسم فروشی کے لیے سفر کرانے کا قصوروار قرار دیا ہے، جس کی سزا زیادہ سے زیادہ 10 سال قید ہو سکتی ہے۔ اب عدالت یہ فیصلہ کرے گی کہ آیا کومبس کو سزا سنانے سے قبل ضمانت پر رہا کیا جائے یا نہیں، جب کہ یہ حتمی فیصلہ جج ارون سبرامنیم کریں گے۔ اس کیس کا انجام نہ صرف کومبس کے کیریئر بلکہ ہپ ہاپ انڈسٹری کے مستقبل پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔