news

محسن نقوی : ایران-اسرائیل سیزفائر میں وزیراعظم اور وردی کا اہم کردار

Published

on


وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان ہونے والا سیزفائر اور اس میں نظر آنے والی کامیابی میں وزیراعظم پاکستان کا اہم کردار ہے، لیکن اس کے پیچھے وردی کا بھی کردار ہے جس پر سب کو فخر کرنا چاہیے۔ وہ محرم الحرام کے حوالے سے مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ محسن نقوی نے کہا کہ محرم الحرام میں قیام امن حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے علمائے کرام ہمیشہ حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیشہ ہم آہنگی اور اتحاد کا پیغام دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ حضرت امام حسینؓ صرف کسی ایک مسلک کے نہیں بلکہ پوری امت کے امام ہیں، اور محرم میں اتحاد و یگانگت کا پیغام عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ بھارت کی طرف سے حملے کی صورت میں پاکستان کے آرمی چیف مضبوطی سے ڈٹے رہے، انہیں کسی قسم کا خوف یا تذبذب نہ تھا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو اسے اس کا چار گنا نقصان اٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے جوابی کارروائی میں بھارتی شہری آبادی کو نشانہ نہیں بنایا، لیکن ایک میزائل کے نمبر میں غلطی ہوئی جس پر سب کو خدشہ تھا کہ کہیں وہ شہری آبادی پر نہ گرے، تاہم خوش قسمتی سے وہ میزائل بھارتی آئل ڈپو پر جا لگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے تمام میزائل اپنے ہدف کو نہ لگا سکے اور اللہ تعالیٰ کی مدد سے پاکستان کو فتح حاصل ہوئی۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام نے دہشت گردی کے خاتمے میں مثالی کردار ادا کیا ہے اور وہ پورے پاکستان میں یکجہتی اور ہم آہنگی کے فروغ میں پیش پیش رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی بھی قسم کی نفرت، فرقہ واریت یا دشمن کے ایجنڈے کا شکار نہیں ہونا چاہیے بلکہ سب کو متحد ہو کر امن و استحکام کے لیے کام کرنا ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version