news
علی امین گنڈاپور کا انکشاف: 9 مئی بہانہ، پی ٹی آئی نشانہ
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا ہے کہ 9 مئی محض ایک بہانہ تھا، اصل نشانہ پاکستان تحریک انصاف کو بنایا گیا۔ اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں 9 مئی سے پہلے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا اور عمران خان کے خلاف بیان دینے پر دباؤ ڈالا گیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پارٹی قیادت سے بجٹ پر مشاورت نہ ہونے کے پیچھے بھی ایک سازش تھی جسے وہ بھانپ چکے تھے، اسی لیے انہوں نے موقف اختیار کیا۔ علی امین گنڈاپور نے خبردار کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو آئینی طریقے سے نہیں گرایا جا سکتا اور اگر گورنر راج لگانا ہے تو لگا کر دیکھیں، لیکن اگر ان کی حکومت گر گئی تو وہ سیاست کو خیرباد کہہ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستیں دانستہ طور پر دیگر جماعتوں کو دی گئیں، مگر وہ اپنے حقوق کی جنگ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن جو کارکن نظریاتی ہیں، وہی جماعت کے ساتھ کھڑے رہیں گے، کیونکہ تحریک انصاف ایک طویل جدوجہد کی جماعت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں عمران خان نے نظریہ سکھایا ہے جو ان کے ایمان کا حصہ بن چکا ہے، اور وہ کسی کے دباؤ یا سازش سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔