news
باجوڑ دھماکہ: اسسٹنٹ کمشنر سمیت 4 افراد جاں بحق، 11 زخمی
خیبرپختونخواہ کے ضلع باجوڑ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں تحصیل خار کے علاقے صدیق آباد پھاٹک کے قریب ہونے والے دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ گیارہ زخمی ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کا نشانہ ایک سرکاری گاڑی تھی، جس میں اسسٹنٹ کمشنرباجوڑ ، تحصیلدار، ایک صوبیدار اور پولیس اہلکار سوار تھے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور باجوڑ ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں اور جاں بحق افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق یہ دھماکہ بارودی مواد کے ذریعے گاڑی کے قریب کیا گیا، جس سے بھاری نقصان ہوا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ واقعہ کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔