news
نیپرا نے بجلی سستی کر دی، بنیادی نرخ میں 1.14 روپے فی یونٹ کمی
نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی حکومتی درخواست منظور کر لی ہے، جس کے تحت ملک بھر میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اوسطاً ایک روپے 14 پیسے فی یونٹ تک کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ نوٹیفکیشن کے لیے وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ تاہم، اس ریلیف سے لائف لائن صارفین مستفید نہیں ہو سکیں گے۔ نیپرا نے گزشتہ روز پاور ڈویژن کی جانب سے یکساں ٹیرف کی درخواست پر سماعت کی تھی، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ گھریلو صارفین کیلئے بجلی کا زیادہ سے زیادہ ٹیرف 48.84 روپے فی یونٹ سے کم ہو کر 47.69 روپے فی یونٹ کر دیا گیا ہے۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے نرخ 10.54 روپے فی یونٹ اور 101 سے 200 یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 13.01 روپے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں۔ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 100 یونٹ پر نرخ 22.44 روپے، 101 سے 200 یونٹ پر 28.91 روپے، اور 201 سے 300 یونٹ پر 33.10 روپے فی یونٹ ہوں گے۔
مزید برآں، 300 یونٹ سے زیادہ استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے نرخ 41.78 روپے فی یونٹ طے کیے گئے ہیں۔ اسی طرح، ماہانہ 501 سے 600 یونٹ استعمال کرنے والوں کا ٹیرف 1.16 روپے کمی کے بعد 41.62 روپے، 601 سے 700 یونٹ پر 42.76 روپے، اور 700 یونٹ سے زائد پر 47.69 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔
کمرشل صارفین کے لیے نیا نرخ 45.43 روپے فی یونٹ، جنرل سروسز صارفین کے لیے 43.17 روپے، صنعتی صارفین کیلئے 33.48 روپے، زرعی صارفین کے لیے 30.75 روپے اور بلک صارفین کے لیے 41.76 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔ نیپرا کے مطابق، یہ کمی صارفین کو ریلیف دینے کے مقصد سے کی گئی ہے، تاہم لائف لائن کیٹیگری میں آنے والے صارفین کو اس فیصلے کا فائدہ نہیں ہوگا۔