news

پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے مظالم کو بے نقاب کر دیا

Published

on


اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان نے بھارت کی حقیقت دنیا کے سامنے واضح کرتے ہوئے اس کے مظالم اور ناپاک عزائم کو بے نقاب کیا ہے۔ پاکستان کی سیکنڈ سیکرٹری ربیعہ اعجاز نے بھارتی مندوب کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک واضح مثال ہے جس میں مظلوم بننے کی کوشش وہ کر رہا ہے جو اصل میں ظالم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا ریاستی نظام نفرت کے پرچار پر مبنی ہے، جہاں اقلیتوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ہجوم کے تشدد کو عام کیا جا چکا ہے، اور امتیازی سلوک کو قانونی حیثیت دے دی گئی ہے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کے نظریات نے بھارت کو اکثریتی آمریت میں بدل دیا ہے، جہاں مسلمان، عیسائی اور دلت کمیونٹی مسلسل جبر و خوف کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں۔

ربیعہ اعجاز نے بتایا کہ بھارت میں مساجد کو شہید کیا جاتا ہے، بلڈوزر اجتماعی سزا کے ہتھیار بن چکے ہیں، اور مذہب کی بنیاد پر شہریت کا حق چھینا جا رہا ہے، جو کہ ریاستی دہشت گردی کی بدترین شکل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نہ صرف اپنے شہریوں بلکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر بھی ظلم کر رہا ہے، مگر وہ اپنے ناپاک عزائم میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ بھارت کا یہ دعویٰ کہ جموں و کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے، ایک کھلا جھوٹ ہے کیونکہ اقوام متحدہ جموں و کشمیر کو متنازع علاقہ تسلیم کر چکی ہے۔

پاکستانی سفارتکار نے سلامتی کونسل کی قراردادوں 47 (1948)، 91 (1951)، اور 122 (1957) کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ یہ قراردادیں کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ آزادانہ رائے شماری کے ذریعے کرنے کا حق دیتی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ بھارت کا اصل چہرہ اب مزید چھپایا نہیں جا سکتا، اور پاکستان عالمی سطح پر کشمیریوں کے حق میں اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version