news
جسٹس ایس ایم عتیق شاہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات
جوڈیشل کمیشن نے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت کمیشن کے اجلاس میں دی گئی جس میں چاروں صوبوں اور اسلام آباد ہائیکورٹس کے نئے چیف جسٹسز کی تعیناتی کے معاملات زیر غور آئے۔ پشاور ہائیکورٹ کے لیے جسٹس اعجاز انور، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس ارشد علی کے ناموں پر مشاورت کی گئی، جس کے بعد 16 رکنی جوڈیشل کمیشن نے 5 کے مقابلے میں 11 ووٹوں کی اکثریت سے جسٹس عتیق شاہ کے نام کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر سمیت خیبرپختونخواہ کے وزیر قانون اور تحریک انصاف کے دو ارکان نے بھی اس تقرری کی مخالفت کی۔ واضح رہے کہ کمیشن کے 13 مستقل اراکین ہوتے ہیں جبکہ صوبائی ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی تعیناتی کے لیے یہ تعداد 16 ہو جاتی ہے۔ ان میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل، حکومتی و اپوزیشن اراکین، بار کونسل کے نمائندے، متعلقہ ہائیکورٹ کے سابق جج اور صوبائی وزیر قانون شامل ہوتے ہیں۔ کمیشن میں کم ازکم 9 اراکین کی اکثریت سے کسی بھی امیدوار کی منظوری دی جاتی ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد، سندھ اور بلوچستان ہائیکورٹس کے لیے بھی اجلاس میں نامزدگیاں زیر غور ہیں۔