news

پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ: تحریک انصاف کا شدید ردعمل

Published

on

پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو ظالمانہ اور ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ پارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نہ صرف عوامی مینڈیٹ سے محروم ہے بلکہ عوام کے دکھ درد اور معاشی مشکلات سے بھی مکمل طور پر بے خبر ہے۔ ان کے بقول، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ بیمار معیشت کی کمر توڑنے کے مترادف ہے، جو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور پیداواری لاگت میں ناقابلِ برداشت بوجھ کا سبب بنے گا، یوں مہنگائی کی ایک نئی اور شدید لہر جنم لے گی۔

ترجمان تحریک انصاف نے الزام لگایا کہ حکومت اپنی مالی بدانتظامی کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے، جو کہ سراسر ظلم اور بدترین لوٹ مار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور میں جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں آج کی نسبت کہیں زیادہ تھیں، تب حکومت نے عوام کو ریلیف دیا اور خود بوجھ برداشت کیا۔ لیکن آج جب عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی آ چکی ہے، موجودہ حکومت نے الٹا عوام پر مہنگائی بم گرا دیا ہے، جو ان کی نااہلی اور بدنیتی کا کھلا ثبوت ہے۔

تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے، بصورت دیگر یہ عوام کو جرائم اور سماجی انتشار کی جانب دھکیلنے کے مترادف ہوگا۔ یاد رہے کہ یکم جولائی سے حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے، جس کے بعد پیٹرول 266 روپے 79 پیسے اور ڈیزل 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ یہ اضافہ کاربن لیوی اور پیٹرولیم لیوی بڑھانے کے ذریعے کیا گیا ہے، حالانکہ عالمی سطح پر ایران اسرائیل کشیدگی میں کمی کے باعث تیل کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version