news
پنجاب سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے، عوام میں خوف و ہراس
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.4 ریکارڈ کی گئی جب کہ اس کی گہرائی 14 کلومیٹر اور مرکز ساؤتھ ویسٹ لاہور تھا۔ زلزلے کے جھٹکوں نے لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، مریدکے، کامونکی اور ننکانہ کے علاقوں کو لرزا کر رکھ دیا، جس پر شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر عمارتوں کی جانچ پڑتال کا آغاز کر دیا جبکہ پی ڈی ایم اے اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی سینٹرز الرٹ پر ہیں۔ تاہم، اب تک کسی بھی علاقے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
دو روز قبل بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل اور گردونواح میں بھی شدید زلزلہ آیا تھا جس کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی اور اس کے نتیجے میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ ماہرین ارضیات کے مطابق زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں پر مشتمل ہے: یوریشین، انڈین اور اریبین۔ ان پلیٹوں کے سرکنے سے زلزلے جنم لیتے ہیں اور ان کی لہریں دائرے کی صورت میں پھیلتی ہیں۔ پاکستان کا دو تہائی رقبہ فالٹ لائنز پر واقع ہے، یہی وجہ ہے کہ کراچی سے اسلام آباد، کوئٹہ سے پشاور، اور گلگت بلتستان تک ملک کے اکثر علاقے زلزلوں کے خطرے سے دوچار ہیں۔ عالمی سطح پر پاکستان زلزلوں کے حوالے سے پانچواں حساس ترین ملک مانا جاتا ہے، جہاں انڈین پلیٹ اور یوریشین پلیٹ کے مسلسل تصادم کے باعث زلزلوں کا خطرہ ہمیشہ موجود رہتا ہے۔