news
حکومت کا مہنگائی بم: پٹرول 8.36، ڈیزل 10.39 روپے مہنگا
حکومت کا مہنگائی بم نئے مالی سال کے آغاز پر وفاقی حکومت نے عوام پر مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھاتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ حکومت کا مہنگائی بم ، وزارت خزانہ کی جانب سے رات گئے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول 266 روپے 79 پیسے اور ڈیزل 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔ یہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس اضافے کی ممکنہ وجہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم لیوی اور کاربن ٹیکس میں اضافہ ہے۔
دوسری جانب، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے بھی گیس کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کرتے ہوئے یکم جولائی سے نئے نرخوں کا اطلاق کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت 200 روپے سے لے کر 4200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک مقرر کی گئی ہے۔ پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے نرخ 200 سے 350 روپے جبکہ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے یہ نرخ 500 سے 4200 روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ مزید برآں، پروٹیکٹڈ صارفین پر 600 روپے اور نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 1500 سے 3000 روپے تک فکسڈ چارجز عائد کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کمرشل، صنعتی، تعلیمی و سرکاری اداروں، سی این جی اسٹیشنز، کھاد و سیمنٹ فیکٹریوں اور بجلی گھروں کے لیے بھی گیس کے نئے اور بلند نرخ مقرر کیے گئے ہیں۔ حکومتی فیصلے کے نتیجے میں مہنگائی کی نئی لہر آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جو عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گی۔