news
پیپلزپارٹی وفاقی حکومت میں شامل ہونے پر آمادہ
پاکستان پیپلزپارٹی کی وفاقی حکومت میں شمولیت کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتدر حلقوں نے پیپلزپارٹی کو باقاعدہ طور پر وزارتیں لینے پر آمادہ کرلیا ہے۔مقتدر قوتوں نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ حکومت کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں، ملک کی بہتری کے لیے موجودہ نظام ہی چلایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق دونوں بڑی جماعتوں کی مرکزی قیادت کو ایک صفحے پر متحد کر دیا گیا ہے اور آئندہ ماہ وزارتوں کی تقسیم کے معاملات طے پا جانے کے بعد جولائی میں پیپلزپارٹی وفاقی حکومت میں شامل ہو جائے گی۔ مزید یہ کہ اس شراکت داری کا دائرہ پنجاب حکومت تک بھی پھیلایا جائے گا، جس کے لیے بیک ڈور رابطے شروع ہو چکے ہیں، اور دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی اسی صفحے پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے ناراض پارٹی رہنما چوہدری نثار علی خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں مسلم لیگ ن میں واپسی کی دعوت دی۔ ملاقات کے دوران شہباز شریف نے چوہدری نثار کی خیریت دریافت کی اور کہا کہ ’چوہدری صاحب، آپ تو ہمیں بھول ہی گئے‘، جس پر چوہدری نثار نے جواب دیا کہ ’طبیعت کی خرابی کے باعث زیادہ متحرک نہیں ہو سکا‘۔ اس ملاقات میں چوہدری نثار کے صاحبزادے تیمور علی خان بھی شریک تھے، جبکہ وزیر اعظم کی جانب سے باقاعدہ طور پر چوہدری نثار کو پارٹی میں واپسی کی پیشکش کی گئی، جس پر انہوں نے کچھ وقت مانگتے ہوئے حتمی فیصلہ مؤخر کر دیا۔