news
مہر بانو کا انکشاف: شوبز انڈسٹری میں ہراسانی اور ناجائز مطالبات عام
پاکستانی اداکارہ اور رقاصہ مہر بانو نے شوبز کی چمک دمک کے پیچھے چھپے ہراسانی کے سائے پر کھل کر بات کی ہے، اور اس انڈسٹری کے ان پہلوؤں کو سامنے لایا ہے جو عموماً پردے میں رہتے ہیں۔ بیرون ملک مقیم اور “ٹیکسالی گیٹ” کی شہرت حاصل کرنے والی مہر بانو نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں میزبان تابش ہاشمی کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کو کام دلانے کے عوض ناجائز مطالبات اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں نہ صرف خواتین بلکہ مرد فنکار بھی ہراسانی کا نشانہ بنتے ہیں، اور یہ رویہ طاقتور افراد کی جانب سے سامنے آتا ہے۔ مہر نے واضح کیا کہ خوبصورت چہروں اور دلکش شخصیات کی موجودگی کی وجہ سے فنکار آسانی سے نشانہ بن جاتے ہیں، اور ایسے معاملات پر کھل کر بات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ سیاہ پہلو اجاگر ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہر شعبے میں مسائل ہوتے ہیں، ویسے ہی شوبز انڈسٹری میں بھی استحصال کی شکل میں سنگین چیلنجز موجود ہیں، جن پر سنجیدگی سے توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔