news
مولانا فضل الرحمان کا حکومت کو الٹی میٹم:اسلام آباد پر قبضے کیلئے تیار ہیں
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بٹگرام میں شعائر اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب جے یو آئی کی تحریک چلے گی، اگر حکمرانوں نے قبلہ درست نہ کیا تو ایک ہفتے کے اندر اسلام آباد پر قبضہ کرلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام جے یو آئی کے ساتھ ہیں اور یہ اجتماع اس کا واضح ثبوت ہے، جے یو آئی پاکستان میں انقلاب برپا کرے گی۔ مولانا نے کہا کہ ہم پرامن لوگ ہیں لیکن ہمیں اسلام آباد پر قبضے کے لیے مجبور نہ کیا جائے، ہم وہ لوگ ہیں جنہوں نے امریکہ کو شکست دی، ہم آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر ملک کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس سیاسی بصیرت نہیں، ملک آئینی راستے سے ہٹ رہا ہے اور ہم اسے روکنے کے لیے سیسہ پلائی دیوار بنیں گے۔ فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی نے نہ پچھلی حکومت کو چلنے دیا تھا، نہ اس حکومت کو چلنے دیں گے۔ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کو یکطرفہ اور غلط فیصلہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبائل آج اس فیصلے پر پچھتا رہے ہیں اور میں نے اس وقت تحریری سوالات بھی اٹھائے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ مغرب فلسطین میں جنگ بندی کا مطالبہ اس وقت کرتا ہے جب اسرائیل کو خطرہ لاحق ہو، جب ایران نے حملہ کیا یا پاک فوج نے بھارت کو شکست دی تو جنگ بندی کی بات کی گئی، لیکن عراق، افغانستان، شام، لیبیا اور فلسطین میں مسلمانوں کا خون بہایا جاتا رہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جے یو آئی کے کارکن میدان میں ہوں گے تو کامیابی ان کا مقدر بنے گی، عوام کے فیصلے کے آگے سر تسلیم خم کرنا ہی وقت کی ضرورت ہے۔