news
اوگرا کا گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گھریلو صارفین سمیت مختلف شعبہ جات کے لیے گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نئے نرخوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتیں اب 200 روپے سے لے کر 4,200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک مقرر کی گئی ہیں۔ پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے نرخ 200 سے 350 روپے جب کہ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 500 سے 4,200 روپے تک ہوں گے۔ اس کے علاوہ پروٹیکٹڈ صارفین پر 600 روپے اور نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 1,500 سے 3,000 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز لاگو ہوں گے، جو ان کے استعمال کی مقدار پر منحصر ہوں گے۔
سرکاری، نیم سرکاری اداروں، ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے لیے گیس کے نرخ 3,175 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیے گئے ہیں۔ روٹی کے تندوروں کے لیے نرخ 110 سے 700 روپے، کمرشل صارفین کے لیے 3,900 روپے، جنرل انڈسٹری کے لیے 2,300 روپے، کیپٹو پاور کے لیے 3,500 روپے، سی این جی کے لیے 3,750 روپے، سیمنٹ فیکٹریوں کے لیے 4,400 روپے اور کھاد فیکٹریوں کے لیے 1,597 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیے گئے ہیں۔ کے الیکٹرک سمیت تمام بجلی گھروں کو گیس 1,225 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کے حساب سے فراہم کی جائے گی۔ یہ قیمتیں اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں واضح طور پر درج ہیں اور ملک بھر میں ان کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔