news
پاکستانی ڈرامے بھارتی یوٹیوب پر دوبارہ مقبول
بھارتی حکومت کی جانب سے حالیہ کشیدگی کے بعد پاکستانی ڈرامہ چینلز کو یوٹیوب پر بند کر دیا گیا، تاہم پاکستانی تخلیق کاروں نے ناظرین تک رسائی کے لیے متبادل راستے اپنا لیے ہیں۔ “ٹاپ پاکستانی ڈراماز” اور “ڈرامہ بازار” جیسے نئے یوٹیوب چینلز کے ذریعے بھارتی شائقین اب بھی پاکستانی ڈرامے با آسانی دیکھ رہے ہیں اور یہ ڈرامے نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان میں بھی 2025 کے مقبول ترین ڈراموں میں شامل ہیں۔ اس وقت سب سے زیادہ پذیرائی حاصل کرنے والا ڈرامہ “شیر” ہے، جس میں اداکار دانش تیمور اور سارہ خان کی شاندار اداکاری نے مداحوں کو بے حد متاثر کیا ہے۔ پاکستانی ڈرامے سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر ایک اور ڈرامہ “پرورش” بھی مقبولیت کے نئے ریکارڈز قائم کر رہا ہے، جس کی کہانی سماجی اقدار اور خاندانی مسائل کے گرد گھومتی ہے۔ ڈرامہ “دستک” جذباتی انداز میں سنگل ماؤں کی جدوجہد کو موضوع بناتا ہے اور بھارتی ناظرین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ مہوش حیات اور احسن خان کا ڈرامہ “ڈائن” اپنی شاندار پروڈکشن اور بڑی کاسٹ کے باعث خوب داد سمیٹ رہا ہے، جبکہ دانش تیمور کا ایک اور ڈرامہ “من مست ملنگ” یوٹیوب پر 910 ملین ویوز کے ساتھ نیا ریکارڈ قائم کر چکا ہے۔ سنسنی خیز کرائم تھرلر ڈرامہ “ہمراز” میں عائزہ خان اور فیروز خان کی جوڑی بھی ناظرین کو بے حد متاثر کر رہی ہے۔ پابندیوں کے باوجود بھارتی ناظرین کا پاکستانی ڈراموں کے لیے جوش و خروش اس بات کا ثبوت ہے کہ سرحدیں معیاری فن اور مضبوط کہانیوں کو روک نہیں سکتیں۔