news
فیلڈ مارشل عاصم منیر: نوجوان افسران دیانت اور حب الوطنی کو شعار بنائیں
آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ نوجوان افسران دیانت، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ سول بیوروکریسی ریاستی نظم و نسق میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر سے 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران نے ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی، داخلی و خارجی چیلنجز، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ افسران نے خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کشمیر میں پاک فوج کی کارروائیوں کا بھی مشاہدہ کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج علاقائی امن و استحکام کی ضامن ہے اور نوجوان افسران کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری لگن اور جذبے سے ادا کریں۔
اس سے قبل فیلڈ مارشل نے شہید میجر سید معیز عباس شاہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور ان کی بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون ہماری قومی طاقت کی بنیاد ہے، ان کی قربانیاں ایثار، وفا اور حب الوطنی کی اعلیٰ ترین مثالیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم شہداء کی قربانیوں پر نہ صرف غمزدہ ہے بلکہ ان پر فخر بھی کرتی ہے۔ فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے دشمن، خواہ اندرونی ہوں یا بیرونی، ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے افواجِ پاکستان ہمیشہ تیار رہیں گی