news
وزیراعظم شہباز شریف کا وفاقی کابینہ سے خطاب
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پاکستان نے اس کشیدگی کے دوران برادر اسلامی ملک ایران کی بھرپور اور مستقل حمایت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ ایران نے صدر آصف علی زرداری، ان کی ذات اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا نام لے کر شکریہ ادا کیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان نے ایران کے دفاع میں سفارتی سطح پر اہم کردار ادا کیا۔ اجلاس میں کابینہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر اعتماد میں لیا گیا اور وزیراعظم و فیلڈ مارشل کے موثر کردار پر قرارداد کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آرمی چیف نے استنبول میں ایرانی وزیر خارجہ سے جو اہم ملاقات کی، اس سے دوطرفہ تعلقات میں مزید مضبوطی آئی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی منظوری کو ایک قومی کامیابی قرار دیا اور وزیر خزانہ سمیت ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت، نائب وزیراعظم اور اتحادی جماعتوں کی کوششوں کو بھی سراہا۔ کابینہ نے پیٹرولیم لیوی کے تعین کا اختیار پیٹرولیم ڈویژن کو دینے کی منظوری دے دی۔ شہباز شریف نے پاک فوج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوج نے ملک میں امن دشمن عناصر، خصوصاً فتنہ الخوارج کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں اور دشمن کو شکست فاش دی۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ امریکی صدر نے بھی ان کے کردار کو سراہا ہے۔ محرم الحرام کی آمد پر وزیراعظم نے قوم سے اپیل کی کہ وہ مجالس اور جلوسوں میں امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کا مظاہرہ کریں تاکہ فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہ رہے۔ انہوں نے وفاق اور صوبوں کو امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی