news
راؤف حسن: عمران خان کو طاقت کا اصل منبع معلوم ہے
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما راؤف حسن نے کہا ہے کہ عمران خان جانتے ہیں کہ ملک میں اصل طاقت وزیراعظم کے عہدے میں نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کے پاس ہے، اس لیے اگر کوئی بات چیت ہونی ہے تو انہی سے ہونی چاہیے جن کے پاس اصل اختیار ہے۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں کسی قسم کا انتشار نہیں بلکہ مختلف آراء کا اظہار ہے، جو کسی بھی جمہوری جماعت میں فطری عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تین سال سے پارٹی مسلسل دباؤ کا شکار ہے، مگر اس کے باوجود تمام رہنما عمران خان کی قیادت پر متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو تنہا کر دیا گیا ہے، لیکن جیسے ہی ملاقات یا رابطہ ممکن ہوگا، پارٹی کے اندر تمام اختلافات بھی ختم ہو جائیں گے۔ راؤف حسن کے مطابق بجٹ پیش کرنے سے قبل عمران خان سے ملاقات ضروری تھی تاکہ واضح رہنمائی حاصل ہو سکے۔
دوسری طرف خیبرپختونخواہ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بجٹ کی منظوری دراصل اپوزیشن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے ضروری تھی، کیونکہ اپوزیشن کی خواہش تھی کہ بجٹ پاس نہ ہو اور ایمرجنسی نافذ کی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف عمران خان کی ہدایات کی پابند ہے اور اگر ان کی ملاقات وزیر اعلیٰ سے ہو جاتی ہے تو بجٹ میں ان کی ہدایت کے مطابق رد و بدل ممکن ہے۔ تاہم، پارٹی میں اختلافات کی ایک اور جھلک اس وقت سامنے آئی جب خیبرپختونخواہ کے پی ٹی آئی صدر جنید اکبر اور سینئر رہنما اسد قیصر نے پارٹی فیصلوں سے خود کو علیحدہ کر لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی براہ راست ہدایات نہ ہونے کے باعث بجٹ پیش کرنا غیر مناسب قدم تھا۔ اسد قیصر نے مزید شکوہ کیا کہ پارٹی پالیسی سازی کے عمل میں سخت مشکلات درپیش ہیں اور موجودہ حالات میں واضح رہنمائی کی غیر موجودگی نے پیچیدگیاں پیدا کر دی ہیں۔