news
ڈونلڈ ٹرمپ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک بہترین شخصیت قرار دیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے بعد وہ بے حد متاثر ہوئے اور ان کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کے ساتھ ممکنہ جوہری جنگ سے گریز کیا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال کو ہم نے فون کالز کے ذریعے کنٹرول کیا اور انہیں واضح پیغام دیا کہ اگر جنگ جاری رہی تو تجارت ممکن نہ ہوگی۔ ان کے مطابق دونوں ممالک نے امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدوں کو ترجیح دیتے ہوئے امن کو موقع دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ صدر ٹرمپ نے ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کو تاریخی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ فردو جوہری مرکز سمیت کئی تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے، جس سے ایران کا نیوکلیئر پروگرام دہائیوں پیچھے چلا گیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے دوبارہ اپنی تنصیبات بحال کرنے کی کوشش کی تو امریکہ دوبارہ حملہ کرے گا کیونکہ ایران کو یورینیئم افزودگی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ جنگ بندی میں بھی امریکی کردار کو سراہا اور بتایا کہ ان کی مداخلت کے بعد اسرائیلی طیارے واپس بلا لیے گئے، جس سے فریقین پیچھے ہٹے۔ صدر ٹرمپ نے ایران کو ایک عظیم قوم قرار دیا مگر یہ بھی واضح کیا کہ نیوکلیئر ہتھیاروں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ روس اور یوکرین کی جنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسے روکنا ایک مشکل کام ہے لیکن امریکہ امن قائم کرنے کی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔ غزہ کے مسئلے پر بھی انہوں نے امید ظاہر کی کہ بڑی پیش رفت ہو رہی ہے اور جلد یہ تنازع بھی حل ہو سکتا ہے۔