news
وزیراعظم شہباز شریف: زرعی شعبے میں اصلاحات معیشت کی ترقی کا ذریعہ
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرعی شعبے میں پائیدار اصلاحات سے نہ صرف ملکی معیشت کو فروغ ملے گا بلکہ دیہی علاقوں اور کسانوں کو بھی براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی شعبے کی ترقی کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں وفاقی وزراء، ماہرین، انٹرپرنیورز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو زرعی پیداوار بڑھانے، کسانوں کی مالی معاونت اور زرعی انفراسٹرکچر کی بہتری سے متعلق متعدد تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور حکومت نے بجٹ میں کھاد و زرعی ادویات پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا تاکہ کسانوں پر مالی بوجھ کم ہو۔ انہوں نے زرعی مشینری پر ٹیکس مرحلہ وار کم کرنے اور اجناس کی اسٹوریج صلاحیت میں اضافہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ “نیشنل ایگریکلچر انوویشن اینڈ گروتھ ایکشن پلان” کے تحت کسانوں کی آمدنی میں اضافہ، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کے ذریعے زرِ مبادلہ حاصل کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے زرعی اسکالرشپ پر چین جانے والے طلبہ سے بھی امید ظاہر کی کہ وہ وطن واپسی پر زرعی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔