news
ویرا سی روبن: دنیا کے طاقتور ترین ڈیجیٹل کیمرے کی کائنات کی پہلی تصاویر
دنیا کے طاقتور ترین ڈیجیٹل کیمرے نے کائنات کی پہلی حیرت انگیز تصاویر جاری کر دی ہیں، جن میں چمکتی ہوئی کہکشاؤں، رنگین نیبیولا اور دور دراز ستاروں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ تصاویر ویرا سی روبن آبزرویٹری سے موصول ہوئی ہیں، جس کے بارے میں سائنس دانوں کو توقع ہے کہ یہ مشاہدہ گاہ کائنات کے اسرار کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ یہ مشاہدہ گاہ تاریک آسمان کا مسلسل مشاہدہ کرتے ہوئے کائنات کی تاریخ کو ایک ویڈیو کی شکل میں “ریوائنڈ” کر کے دیکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ماہرین فلکیات کا ماننا ہے کہ اس کے ذریعے سیارچوں کی نگرانی، پراسرار ڈارک میٹر کی ماہیت اور کائناتی مظاہر کی گہری تفہیم حاصل کی جا سکے گی۔ ویرا سی روبن کا یہ کیمرا 3200 میگا پکسل پر مشتمل ہے، جو جدید آئی فون کے مقابلے میں 70 گنا زیادہ طاقتور ہے، اور اتنا حساس ہے کہ چاند پر رکھی گئی گالف کی گیند کو بھی دکھا سکتا ہے۔ جاری کی گئی اولین تصاویر کا مقصد کیمرے کی صلاحیت اور تفصیلی فوٹوگرافی کی خصوصیات کو ظاہر کرنا تھا، جو فلکیاتی تحقیق میں ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔