news
وزیر خارجہ عباس عراقچی، ایران کا جوہری ٹیکنالوجی ترک نہ کرنے کا اعلان
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ ان کا ملک جوہری ٹیکنالوجی سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگا، کیونکہ اس کے حصول کے لیے ایرانی سائنسدانوں نے بے پناہ محنت اور قربانیاں دی ہیں۔ عرب میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ بارہ روزہ اسرائیلی جارحیت کے بعد ایران کا عزم اور بھی پختہ ہو چکا ہے، اور اب یہ بات یقینی ہے کہ کوئی بھی ایرانی شہری جوہری ٹیکنالوجی کو چھوڑنے کے حق میں نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر جو جنگ مسلط کی گئی، وہ درحقیقت جوہری ہتھیاروں کے جھوٹے دعووں پر مبنی تھی، حالانکہ ہمارا جوہری پروگرام پُرامن مقاصد کے لیے ہے۔ عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران کے عوام نے اس پروگرام کے لیے سختیاں جھیلی ہیں اور اب ان کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ نے ایران کی پُرامن جوہری تنصیبات پر حملہ کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی، جس کے بعد ایران کا سفارت کاری سے اعتبار اٹھ گیا۔ اقوام متحدہ کی ناکامی اور دشمنوں کی غیرمربوط درخواستیں ایران کے مؤقف پر اثرانداز نہیں ہو سکتیں۔ انہوں نے ماسکو پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ روس کا دورہ پہلے سے طے شدہ تھا، تاہم موجودہ حالات میں اس کی اہمیت بڑھ گئی ہے، کیونکہ ایران اور روس کئی بین الاقوامی معاملات پر مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔