news
وزیراعظم شہباز اور سعودی ولی عہد کا رابطہ، بھارت سے مذاکرات پر آمادگی
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی تیزی سے بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز نے سعودی عرب میں کامیاب حج انتظامات پر مبارکباد دیتے ہوئے حجاج کرام کی میزبانی پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر، پانی، تجارت اور دہشتگردی جیسے اہم امور پر بھارت سے بامعنی مذاکرات کی آمادگی کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہبازنے ایران اسرائیل تنازعے کے پرامن حل، اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری اور علاقائی امن کیلئے سعودی قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری کی مکمل حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کی یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کے لیے سعودی عزم کا اعادہ کیا اور حالیہ تنازعے کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ اس سے قبل وزیراعظم نے قطر کے سفیر سے بھی ملاقات کی اور قطر میں امریکی فوجی اڈے پر حملوں کے بعد امیر قطر اور عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں پائیدار امن کیلئے سفارتی حل پر زور دیا۔ وزیراعظم نے قطر میں سلامتی کی صورتحال پر فوری رابطے پر قطری حکومت کے ردعمل کی بھی تعریف کی۔