news
وزیراعظم شہباز شریف کی چینی سفیر سے ملاقات
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سی پیک منصوبوں کی پیشرفت، خطے کی سلامتی اور ایران اسرائیل تنازع کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے چینی صدر اور وزیراعظم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ مل کر سی پیک منصوبوں کے کامیاب نفاذ کیلئے پُرعزم ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تذویراتی شراکت داری مثالی ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر چینی قیادت کی مالی و اقتصادی تعاون پر شکریہ ادا کیا، جس کی بدولت ملکی معیشت کو استحکام ملا اور میکرو اکنامک منظرنامے میں بہتری آئی۔
انہوں نے شاہراہِ قراقرم، ایم ایل ون، گوادر پورٹ، زراعت، صنعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں تعاون کو انتہائی اہم قرار دیا۔ چینی سفیر نے بتایا کہ وزیراعظم کے مجوزہ اگست کے دورہ چین کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر اس کی کاوشوں کی تعریف کی۔
قبل ازیں وزیراعظم نے سعودی اور قطری سفیروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ سعودی سفیر سے ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور خطے میں امن کی کوششوں پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
دوسری جانب قطر کے سفیر سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے قطر پر حالیہ حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امیر قطر اور قطری عوام سے مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ بات چیت اور سفارتکاری کو ہی خطے میں پائیدار امن کا واحد راستہ سمجھتا ہے۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے قطری عوام کی سلامتی اور تحفظ کیلئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔