news
ایران-اسرائیل جنگ بندی کے بعد خلیجی ممالک میں فضائی آپریشن بحال
ایران اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر کے بعد خلیجی ممالک نے اپنی فضائی سرگرمیاں دوبارہ بحال کر دی ہیں۔ ایران-اسرائیل جنگ بندی کویت، متحدہ عرب امارات، قطر اور بحرین نے فضائی حدود کھولنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جبکہ دبئی نے بھی فضائی آپریشن کی بحالی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اماراتی ایئرلائنز شیڈول کے مطابق اپنی پروازیں جاری رکھیں گی۔ قطر نے بھی اپنی فضائی حدود مکمل طور پر بحال کر دی ہیں اور کمرشل پروازوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ایران-اسرائیل جنگ بندی
یاد رہے کہ ایران کی جانب سے قطر میں واقع امریکہ کے زیر استعمال العدید ایئربیس پر میزائل حملے کے بعد حفاظتی اقدام کے طور پر قطر، یو اے ای، بحرین اور کویت نے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں۔ اس بندش کے باعث کم از کم 26 تجارتی پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں کی جانب موڑنا پڑا، جن میں زیادہ تر دوحہ اور دبئی جانے والی پروازیں شامل تھیں۔ ایوی ایشن تجزیاتی ادارے “سریئم” کے مطابق ان میں سے 12 پروازیں قطر ایئرویز کی تھیں۔
کئی پروازیں یا تو واپس روانہ ہو گئیں یا دیگر قریبی ایئرپورٹس پر اتر گئیں۔ فضائی حدود کی بندش کی وجہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سیکیورٹی خطرات بتائی گئی۔ بحرین، عمان اور کویت نے بھی حملے کے فوری بعد احتیاطی طور پر اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں، لیکن اب سیز فائر کے بعد صورتحال معمول پر آنا شروع ہو گئی ہے۔ ایوی ایشن حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر سے پہلے اپنی ایئرلائنز سے تازہ ترین شیڈول کی تصدیق ضرور کر لیں کیونکہ صورت حال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔