news
مولانا فضل الرحمان: ٹرمپ کا امن کا دعویٰ جھوٹا، نوبل انعام کی تجویز واپس لی جائے
جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا امن کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا ہے اور ان کے لیے نوبل انعام کی تجویز کو واپس لیا جانا چاہیے۔ مری میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا نے امریکہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ افغانستان اور فلسطین میں خون بہانے والا امریکہ کس طرح دنیا میں امن کا دعوے دار بن سکتا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے صدارتی انتخاب امن کے نعرے کے ساتھ جیتا مگر ان کا رویہ اس کے برعکس نکلا، انہوں نے اسرائیلی جارحیت کی حمایت کر کے ثابت کیا کہ ان کا امن کا دعویٰ محض دکھاوا تھا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب پاکستان نے بھارت کی دفاعی قوت کو نقصان پہنچایا تو امریکہ درمیان میں آکر جنگ بندی کا کریڈٹ لینے لگا، لیکن فلسطین، شام، لبنان اور ایران پر اسرائیلی حملوں کی کھلی حمایت کرتا رہا، یہ رویہ کیسے امن کی نمائندگی کر سکتا ہے؟ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب امریکی صدر نے پاکستانی آرمی چیف کو کھانے پر مدعو کیا تو ہمارے حکمران اس قدر خوش ہوئے کہ ٹرمپ کو نوبل انعام دینے کی سفارش کر دی، حالانکہ ان کا اصل چہرہ اب پوری دنیا کے سامنے آ چکا ہے۔ مولانا نے زور دیا کہ ایسے شخص کو نوبل انعام دینے کی کوئی گنجائش نہیں، اور اس تجویز کو فوری طور پر واپس لیا جانا چاہیے۔