news
یومِ عالمی موسیقی 2025
آج دنیا بھر میں یومِ عالمی موسیقی 2025 منایا جا رہا ہے، جس کا موضوع “ہیلنگ تھرو ہارمنی” رکھا گیا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا کے مختلف طبقات اور اقوام کو موسیقی کے ذریعے امن، محبت اور جذباتی سکون کا پیغام دینا ہے۔ ہر سال 21 جون کو موسیقی کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے، جس کے دوران مختلف طرز کی موسیقی کو عوامی مقامات، پارکوں اور گلیوں میں بغیر کسی معاوضے کے پیش کیا جاتا ہے تاکہ ہر شخص موسیقی کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہو سکے۔ یومِ عالمی موسیقی 2025 موقع پر 120 سے زائد ممالک میں موسیقار اپنی فنکاری پیش کرتے ہیں، اور عوام نہ صرف سامع بنتے ہیں بلکہ خود بھی حصہ لیتے ہیں۔ یومِ موسیقی کا آغاز 1982 میں فرانس کے وزیر ثقافت جیک لینگ اور موسیقی کے صحافی موریس فلورے نے کیا تھا، جنہوں نے موسیقی کو گھروں سے نکال کر سڑکوں تک لانے کا خواب دیکھا تھا۔ برصغیر میں موسیقی کی جڑیں انتہائی گہری ہیں، جہاں کلاسیکل موسیقی، غزل، گیت، لوک دھنیں اور فلمی گائیکی کو خاص مقام حاصل ہے۔ موسیقی کو روح کی غذا کہا جاتا ہے، اور امیر خسرو، تان سین، نصرت فتح علی خان، نازیہ حسن جیسے لیجنڈری فنکاروں نے اس فن کو عالمی سطح پر پہچان دلائی۔ رواں برس کا موضوع “ہیلنگ تھرو ہارمنی” اس بات پر زور دیتا ہے کہ موسیقی نہ صرف تفریح بلکہ ذہنی سکون، جذباتی اظہار اور معاشرتی ہم آہنگی کا ذریعہ بھی ہے