news
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستان نےنوبل امن انعام 2026 کے لیے نامزد کر دیا
حکومت پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 2026ء کے نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ صدر ٹرمپ کی جانب سے حالیہ پاک بھارت بحران میں اہم اور فیصلہ کن سفارتی مداخلت پر ان کی شاندار قیادت کے اعتراف میں کیا گیا ہے۔ سرکاری بیان میں کہا گیا کہ عالمی برادری نے بھارتی جارحیت کا مشاہدہ کیا جو نہ صرف پاکستان کی خودمختاری بلکہ علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی تھی۔ اس کے جواب میں پاکستان نے دفاعی کارروائی “بنیان مرصوص” کا آغاز کیا جس میں شہری جانوں کو نقصان سے بچانے کی کوشش کی گئی۔ حکومت کے مطابق صدر ٹرمپ نے اسلام آباد اور نئی دہلی کے ساتھ سفارتی رابطوں کے ذریعے غیر معمولی حکمت عملی اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیزی سے بڑھتے ہوئے بحران کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا، جس سے جنگ بندی ممکن ہوئی اور ایک وسیع تر تصادم ٹل گیا۔ حکومت پاکستان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جموں و کشمیر جیسے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ سفارتی پیشکشوں کو سراہتے ہوئے انہیں امن کے حقیقی داعی قرار دیا ہے۔ مزید یہ کہ پاکستان کو امید ہے کہ صدر ٹرمپ کی مستقبل کی کوششیں، خاص طور پر مشرق وسطیٰ میں جاری بحرانوں جیسے غزہ اور ایران کے حوالے سے، علاقائی اور عالمی امن میں مؤثر کردار ادا کرتی رہیں گی