news
وزیراعظم شہباز شریف کا امریکی وزیر خارجہ سے رابطہ
وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے پاکستان سے متعلق مثبت بیانات کو سراہا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے مذاکرات پر زور دیا اور پاک بھارت جنگ کے خطرے کو ٹالنے میں امریکہ کے کردار کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی اور معدنیات کے شعبوں میں پاک امریکہ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف پاکستان کی موثر کارروائیوں کا ذکر بھی کیا، جس پر امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی کوششوں کو سراہا۔
شہباز شریف نے صدر ٹرمپ اور پاکستانی آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ممکنہ ملاقات کو مثبت پیشرفت قرار دیا۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ دو ہفتوں میں یہ فیصلہ کریں گے کہ آیا امریکہ ایران کے خلاف ممکنہ جنگ میں اسرائیل کا ساتھ دے گا یا نہیں۔ ترجمان کے مطابق صدر ٹرمپ نے اس مسئلے پر مذاکراتی راستہ بھی کھلا رکھنے کا اشارہ دیا ہے۔
یہ رابطہ ایسے وقت پر ہوا ہے جب خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، اور عالمی سطح پر سفارتی کوششوں کی شدت بڑھ رہی ہے۔