news
جانی ڈیپ کا بچوں کے لیے جیک اسپیرو کا روپ
ہالی وڈ کے سپر اسٹار جانی ڈیپ نے ایک بار پھر اپنے مشہور کردار کیپٹن جیک اسپیرو کا روپ بچوں کی خوشی کے لیے اپنایا ہے، لیکن اس بار کسی فلم کے سیٹ پر نہیں بلکہ اسپین کے ایک اسپتال میں۔ 62 سالہ ڈیپ نے میڈرڈ کے چلڈرن اسپتال کا دورہ کیا، جہاں وہ مختلف کمروں میں جا کر زیرِ علاج بچوں سے ملے، ان کے ساتھ وقت گزارا اور انہیں خوشی فراہم کرنے کی کوشش کی۔ ان کی بچوں کے ساتھ ملاقات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں اور صارفین کی جانب سے ان کے اس عمل کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔
جانی ڈیپ ان دنوں اسپین میں اپنی نئی فلم “ڈے ڈرنکر” کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ جلد ہی “پائریٹس آف دی کیریبین” سیریز کے چھٹے حصے میں کیپٹن جیک اسپیرو کے طور پر واپسی کریں گے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ڈیپ نے انسانیت کی خدمت کے لیے اپنا مشہور کردار اپنایا ہو۔ اس سے قبل وہ ستمبر 2024 میں سین سبسٹین کے اسپتال کے بچوں سے بھی جیک اسپیرو کے روپ میں مل چکے ہیں۔ علاوہ ازیں، وہ وینکوور، پیرس، لندن، برسبین اور امریکہ کے مختلف شہروں میں بھی بچوں سے اسی روپ میں ملاقات کر چکے ہیں، جو ان کی انسان دوستی اور ہمدردی کا مظہر ہے