news
ڈی جی آئی ایس پی آر: فوج آئین کے تحت ریاستی احکامات پر عمل کر رہی ہے
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج آئین کے تحت اور ریاستی احکامات کی روشنی میں اپنے فرائض بخوبی سرانجام دے رہی ہیں۔ یہ بات ڈی جی آئی ایس پی آرنے کراچی میں سیلانی آئی ٹی پروگرام کے طلباء کے ساتھ ایک خصوصی نشست کے دوران کہی، جہاں ان کا پرجوش استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ نشست کے دوران طلباء نے ملکی داخلی و خارجی سکیورٹی سمیت مختلف موضوعات پر سوالات کیے جن کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص میں کامیابی امن کی جیت ہے اور پاکستان نے ہمیشہ جنگ کے بجائے امن کو ترجیح دی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کے طور پر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، اور پاک افواج اپنی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور آئینی حدود میں رہتے ہوئے ریاستی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں۔ نشست کے اختتام پر طلباء نے ڈی جی کا شکریہ ادا کیا اور اس طرح کے انٹریکٹیو سیشنز کے تسلسل کی خواہش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک افواج قوم کی پہچان ہیں اور عوام ہی ان کی اصل طاقت ہیں۔