news
پیرس ایئر شو 2025: چین نے جدید بغیر پائلٹ ائیرٹیکسی متعارف کرا دی
فرانس کے شہر پیرس میں جاری پیرس ایئر شو 2025 کے دوران چین نے بغیر پائلٹ کی جدید ترین ائیرٹیکسی متعارف کرائی، جو اپنی منفرد خصوصیات کے باعث ایئرشو میں آنے والے شرکاء کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔ اس جدید ائیرٹیکسی میں دو مسافروں کے ساتھ مسلسل تین گھنٹے تک پرواز کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ یہ ائیرٹیکسی ورٹیکل ٹیک آف اور لینڈنگ (VTOL) ٹیکنالوجی کی حامل ہے، جس کا مطلب ہے کہ اسے پرواز کے لیے کسی رن وے کی ضرورت نہیں۔
ائیرٹیکسی مکمل طور پر بجلی سے چلتی ہے اور فیول کے بغیر چارجنگ پر اڑان بھر سکتی ہے، جب کہ اس میں جدید نیویگیشن سسٹم نصب کیا گیا ہے جو اسے مختلف موسمی حالات میں بھی محفوظ طریقے سے پرواز کرنے کے قابل بناتا ہے۔ اس ائیرٹیکسی کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ یہ 600 کلوگرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو اسے شہری فضائی ٹرانسپورٹ کے میدان میں ایک انقلابی پیش رفت بناتی ہے۔
چینی کمپنی کو اس بات کا یقین ہے کہ پیرس ایئر شو 2025 میں ان کی ائیرٹیکسی کو بھرپور پذیرائی حاصل ہوگی اور بڑی تعداد میں بین الاقوامی خریدار اس میں دلچسپی ظاہر کریں گے، جو کہ مستقبل میں فضائی سفر کے انداز کو یکسر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔