news
اسحاق ڈار: سولر پینلز پر ٹیکس 18 سے کم کر کے 10 فیصد کیا جائے گا
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت روز بروز بہتری کی جانب گامزن ہے، اور حکومت نے بجٹ تجاویز پر نظرثانی کے بعد اہم فیصلے کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سولر سسٹمز کے لیے ملک 46 فیصد مال درآمد کرتا ہے، اس لیے سولر پینلز پر موجودہ 18 فیصد سیلز ٹیکس کو کم کر کے 10 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ درآمدی لاگت کم ہو اور صارفین کو ریلیف ملے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ڈیجیٹل سروسز پر سیلز ٹیکس کا اختیار صوبوں کو حاصل رہے گا، اور اس حوالے سے پائی جانے والی غلط فہمی دور کر دی گئی ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ سندھ کی جامعات کے لیے فنڈز میں اضافہ کیا گیا ہے اور پی آئی ڈی سی ایل (PIDCL) چاروں صوبوں میں پی ڈبلیو ڈی کی جگہ انفراسٹرکچر منصوبے مکمل کرے گا۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ بجٹ پر اتحادیوں سے مسلسل مشاورت ہو رہی ہے، اور گزشتہ روز چھ سے زائد اجلاس منعقد ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ دو درجن سے زائد او آئی سی ممالک نے اسرائیل کے ایران پر حملے کی مشترکہ طور پر مذمت کی ہے، جو عالم اسلام کے اتحاد کا مظہر ہے۔