news

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات آج متوقع

Published

on

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس وقت امریکہ کے سرکاری دورے پر موجود ہیں، جہاں ان کی آج وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات طے پا گئی ہے۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں کیبنٹ روم میں دوپہر ایک بجے خصوصی ظہرانہ دیں گے۔ یہ ملاقات بند دروازوں کے پیچھے (کلوزڈ پریس) ہوگی، تاہم ظہرانے کے بعد دونوں رہنماؤں کی میڈیا سے گفتگو کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ملاقات میں پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور خصوصاً ایران-اسرائیل کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر دفاع ہینکر سمیت دیگر اعلیٰ حکام کی اس ظہرانے میں شرکت متوقع ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کے ساتھ علیحدہ ملاقاتیں بھی طے شدہ ہیں جنہیں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب خطہ غیرمعمولی تناؤ سے دوچار ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، اپنے دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واشنگٹن ڈی سی میں اوورسیز پاکستانیوں سے ملاقات بھی کی، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سمندر پار پاکستانیوں نے پاک فوج کے آپریشنز میں شاندار کارکردگی کو سراہا اور قومی سلامتی میں فوج کے کردار کو سراہا۔ آرمی چیف نے اوورسیز پاکستانیوں کی معیشت، ترسیلات زر، سرمایہ کاری اور پاکستان کے سفیر کے طور پر ادا کیے گئے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ بات چیت کا اختتام ایک خوشحال اور محفوظ پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم پر ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version