news
ریکوڈک منصوبے میں آئی ایف سی کی 700 ملین ڈالر سرمایہ کاری
اسلام آباد: پاکستان کے بڑے تانبے اور سونے کے منصوبے ریکوڈک کے لیے انٹرنیشنل فائنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) نے مزید 400 ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کی ہے، جس کے بعد منصوبے میں آئی ایف سی کی کل سرمایہ کاری 700 ملین ڈالر تک جا پہنچی ہے۔ یہ منصوبہ ملکی معیشت میں نئی جان ڈالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے۔
ریکوڈک منصوبے کی مجموعی لاگت 6.6 بلین ڈالر ہے اور اس میں قرض اور سرمایہ کاری کی مشترکہ مالیاتی حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے۔ منصوبے سے آئندہ 37 برسوں میں تقریباً 74 ارب ڈالر کی آمدن متوقع ہے۔ اس میں یو ایس ایگزِم، ایشیائی ترقیاتی بینک، اور کینیڈا و جاپان کے مالیاتی اداروں کی شمولیت بھی متوقع ہے، جو اسے مزید مضبوط مالی بنیاد فراہم کرے گی۔
آئی ایف سی کے سربراہ مختار ڈیوپ کے مطابق، ادارہ پاکستان میں توانائی، قدرتی وسائل اور بنیادی ڈھانچے پر توجہ بڑھا رہا ہے اور ان شعبوں میں سرمایہ کاری دوگنا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ ریکوڈک منصوبہ 2028 میں پیداوار کا آغاز کرے گا، جو نہ صرف بلوچستان کی ترقی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرے گا بلکہ پاکستان کو عالمی معدنیاتی نقشے پر نمایاں مقام دلانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔