news

طلحہ انجم کا مداح پر تشدد، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Published

on

پاکستانی ریپر طلحہ انجم ایک حالیہ کنسرٹ کے دوران پیش آنے والے متنازع واقعے کے باعث خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طلحہ انجم اسٹیج پر پرفارم کر رہے تھے جب اچانک وہ ہجوم میں کسی شخص کی طرف اشارہ کرتے ہیں، جس کے بعد اسے اسٹیج کی طرف گھسیٹ کر لایا جاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہجوم میں موجود ایک شخص نے طلحہ انجم کی طرف بوتل پھینکی، اور طلحہ نے ردِعمل کے طور پر اُسی شخص کو اسٹیج پر بلایا۔ ویڈیو میں طلحہ اور ان کے ساتھ موجود ایک اور شخص کو دیکھا جا سکتا ہے جو مبینہ طور پر اس شخص کو بالوں سے پکڑ کر اسٹیج پر گھسیٹتے ہیں۔ بعد ازاں سیکیورٹی اہلکار مداخلت کرتے ہوئے اسے بیک اسٹیج لے جاتے ہیں۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ کچھ صارفین طلحہ انجم کے رویے کو غیر اخلاقی، غیر پیشہ ورانہ اور پرتشدد قرار دے رہے ہیں، جبکہ بعض افراد ان کے اس عمل کو “فطری انسانی ردِعمل” کہہ کر ان کی حمایت کر رہے ہیں۔ اس واقعے نے کنسرٹ کے دوران سیکیورٹی کی ناکامی پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں، خاص طور پر اس بات پر کہ ایسی اشیاء ہجوم کے اندر کیسے آئیں اور ان پر فوری ردعمل کیوں نہ دیا گیا۔

تاحال طلحہ انجم یا ان کی ٹیم کی جانب سے اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ لیکن ویڈیو کے لاکھوں ویوز اور عوامی ردعمل کو دیکھتے ہوئے یہ معاملہ جلد ان کی جانب سے وضاحت یا معذرت کی صورت میں نیا رخ اختیار کر سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version