news
ایران کا ایٹمی ہتھیار بنانے کا ارادہ نہیں، صدر مسعود یزشکیان
ایران کے صدر مسعود یزشکیان نے پارلیمنٹ میں اپنے خطاب کے دوران واضح کیا کہ ایران کا ایٹمی ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، اور نہ ہی وہ طاقت کے بل پر کسی پر غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ صدر نے کہا کہ ایران جوہری توانائی اور سائنسی تحقیق کے اپنے جائز حق کا بھرپور دفاع کرے گا، اور پرامن مقاصد کے لیے یورینیم کی افزودگی کا عمل جاری رکھے گا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے اس فتوے کا بھی ذکر کیا جس میں وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے۔ صدر یزشکیان نے قوم سے اپیل کی کہ موجودہ نازک حالات میں ہر قسم کے اختلافات کو بھلا کر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں، کیونکہ اسرائیل کی جانب سے جو نسل کش جارحیت کی جا رہی ہے، اس کے خلاف ایک آواز ہو کر کھڑا ہونا ناگزیر ہے۔ ایرانی صدر نے اسرائیل پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی ریاست ایک ایک کرکے مسلمان ممالک کو نشانہ بنا رہی ہے، اور امریکہ کی جانب سے اسرائیل کی حمایت دراصل “غنڈہ گردی” کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک ایرانی شہید ہوگا تو اس کی جگہ لینے کے لیے سو افراد کھڑے ہوں گے، اور اسرائیل طاقت کے زور سے ایران کو ختم نہیں کر سکتا۔