news
امریکہ کی 36 مزید ممالک پر سفری پابندیوں کی تیاری، ٹرمپ انتظامیہ کا بڑا قدم
امریکہ کی جانب سے مزید 36 ممالک پر سفری پابندیاں عائد کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکی انتظامیہ نے غیر قانونی امیگریشن کے خلاف اپنی مہم کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور اسی سلسلے میں امریکی محکمہ خارجہ کی ایک خفیہ کیبل سے انکشاف ہوا ہے کہ ان سفری پابندیوں کا دائرہ مزید 36 ممالک تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
اس نئی مجوزہ پالیسی کے تحت ممکنہ طور پر 25 افریقی ممالک پابندی کی زد میں آئیں گے، جن میں امریکہ کے قریبی اتحادی مصر اور جیبوتی بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کیریبین، وسطی ایشیا اور بحرالکاہل کے جزائر سے تعلق رکھنے والے ممالک کو بھی اس اقدام کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان ممالک کو 60 دن کی مہلت دی جائے گی تاکہ وہ امریکی شرائط کو پورا کریں، خاص طور پر غیر قانونی امیگریشن کو روکنے اور اپنے شہریوں کو واپس قبول کرنے کے اقدامات پر عمل کریں۔
ٹرمپ انتظامیہ کی ایک یادداشت میں کہا گیا ہے کہ کئی ممالک کے شہری ویزے کی معیاد ختم ہونے کے باوجود امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں، جبکہ کچھ افراد کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ امریکہ مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہو سکتے ہیں۔ اگر کوئی ملک تیسرے ملک کے شہریوں کو قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کرتا ہے تو امریکہ اس ملک پر عائد ویزہ پابندیاں نرم کرنے پر غور کرے گا۔
واضح رہے کہ کچھ ہی روز قبل امریکی صدر نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے تھے جس کے تحت 12 ممالک کے شہریوں پر امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ اس موقع پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ قدم امریکی شہریوں کو بیرونی دہشت گردوں اور دیگر قومی سلامتی کے خطرات سے بچانے کے لیے ضروری ہے۔