news

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ، وزیراعظم نے 16 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی

Published

on


وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جو آئندہ 15 روز کے لیے نافذ العمل ہوگا۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے 80 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 95 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد، پیٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 43 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 262 روپے 59 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ حالیہ دنوں میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی اور فضائی حملوں کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوا ہے، جس کے اثرات پاکستان پر بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔ اسی تناظر میں، وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے 16 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی کا کنوینر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو بنایا گیا ہے، اور اس کا نوٹیفکیشن بھی وفاقی وزارت توانائی کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ کمیٹی نہ صرف قیمتوں کی نگرانی کرے گی بلکہ خطے میں جاری کشیدہ صورتِ حال کے پیش نظر آئندہ ممکنہ سپلائی چین کے چیلنجز کی پیش گوئی بھی کرے گی۔ کمیٹی پیٹرولیم مصنوعات میں اتار چڑھاؤ کے ملکی معیشت پر اثرات کا تجزیہ کرے گی اور ضرورت پڑنے پر فوری اقدامات تجویز کرے گی تاکہ تیل کی فراہمی میں کسی قسم کا خلل نہ آئے۔ اس کمیٹی میں وزیر پیٹرولیم، وزیر توانائی، اور دیگر اہم عہدیدار شامل ہوں گے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ملک میں تیل کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version