news

نان فائلرز کیلئے کیش نکالنے پر 0.8 فیصد ٹیکس

Published

on

اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان فائلرز کیلئے بینک سے کیش نکالنے پر ودہولڈنگ ٹیکس بڑھانے کی تجویز پیش کی، جسے کمیٹی نے منظور کر لیا۔ اجلاس چیئرمین نوید قمر کی زیر صدارت ہوا، جس میں ایف بی آر حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نان فائلرز کی جانب سے بینک سے کیش نکالنے پر اب 0.8 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس لاگو ہوگا، جو پہلے 0.6 فیصد تھا۔

ایف بی آر کے مطابق 50 ہزار روپے کی کیش نکاسی پر 400 روپے ٹیکس لاگو ہوگا، تاہم چیئرمین کمیٹی نوید قمر نے تجویز دی کہ اس حد کو بڑھایا جائے۔ چیئرمین ایف بی آر نے اس پر رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے حد کو 75 ہزار روپے کرنے کی منظوری دے دی۔ کچھ اراکین نے یہ حد ایک لاکھ روپے کرنے کی سفارش کی، جس پر چیئرمین ایف بی آر نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “مجھے ایک لاکھ روپے والا ویسے ہی امیر لگتا ہے”۔

کمیٹی نے آن لائن خریداری پر دو فیصد اضافی سیلز ٹیکس کی تجویز مسترد کر دی، جبکہ بینکوں میں قرض کے منافع پر ٹیکس کو 15 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد کرنے کی تجویز بھی منظور نہ کی گئی۔ تاہم، گوگل اور یوٹیوب جیسی سروسز پر ٹیکس 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کی تجویز منظور کر لی گئی۔

اجلاس میں کمرشل جائیدادوں کے کرایہ سے حاصل ہونے والی آمدن پر 4 فیصد ٹیکس کی تجویز مؤخر کر دی گئی، جبکہ دو لاکھ روپے سے زائد کی فروخت بینکاری لین دین کے ذریعے کرنے کی تجویز بھی مسترد کر دی گئی۔ اس کے علاوہ رینٹل آمدن کو کاروباری نقصانات میں شامل نہ کرنے کی تجویز منظور کی گئی۔

یہ تجاویز بجٹ 2025-26 کی تیاریوں کا حصہ ہیں، جنہیں حتمی منظوری کے لیے اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version