news
ایران کا اسرائیل کیخلاف “وعدہ صادق 3” آپریشن
ایران نے اسرائیل کے خلاف ایک زبردست جوابی کارروائی شروع کر دی ہے، جس کا نام “وعدہ صادق 3” رکھا گیا ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق، یہ آپریشن سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے براہ راست حکم پر عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ صہیونی حکومت نے ایک بڑی غلطی کی ہے اور اب اسے اس کے سنگین نتائج بھگتنے ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایرانی قوم اپنے شہدا کے خون کو کبھی بھی رائیگاں نہیں جانے دے گی اور ملک کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب صہیونی دہشتگردوں کے خلاف طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا، اور کسی قسم کی نرمی یا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق، ایران نے اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے جواب میں تقریباً 100 بیلسٹک میزائل داغے ہیں، جن کا ہدف اسرائیل کا دارالحکومت تل ابیب تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان میزائل حملوں کے نتیجے میں تل ابیب میں سائرن بجنے لگے اور شہریوں کو فوراً بنکرز میں منتقل ہونے کی ہدایات دی گئیں۔ ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں میں اسرائیلی وزارت دفاع کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جہاں آگ بھڑک اٹھی اور متعدد اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے۔ مزید یہ کہ ایران نے دو اسرائیلی جنگی طیارے مار گرائے اور ایک خاتون اسرائیلی پائلٹ کو گرفتار کر لیا۔