news

وقوف عرفہ کی ادائیگی جاری – لاکھوں عازمین میدان عرفات میں موجود

Published

on


حج 2025ء کے رکنِ اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے لیے لاکھوں عازمینِ حج کی میدانِ عرفات آمد کا سلسلہ جاری ہے، جہاں ہر طرف لبیک اللہم لبیک کی دلکش صدائیں فضا کو معطر کر رہی ہیں۔ حجاج آج کا دن عرفات میں گزار رہے ہیں، جہاں وہ عبادات، دعاؤں اور گریہ و زاری کے ذریعے اللہ کے حضور جھک رہے ہیں۔ عازمینِ حج کی وادی منیٰ سے میدان عرفات کی منتقلی کا عمل 8 ذوالحجہ کی رات سے شروع ہوا، جو آج دوپہر تک جاری رہے گا۔ وزارت حج نے اس اہم مرحلے کے لیے مشاعر مقدسہ ٹرین اور بسوں کا خاص انتظام کیا ہے، جبکہ ٹریفک پولیس نے قافلوں کے لیے علیحدہ راستے مختص کیے ہیں تاکہ حجاج کو میدان عرفات پہنچنے میں کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے۔ میدان عرفات میں حجاج ظہر اور عصر کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کریں گے اور غروب آفتاب کے بعد قافلوں کی شکل میں مزدلفہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے، کنکریاں جمع کریں گے اور پھر رمی جمرات کے لیے وادی منیٰ کی جانب روانہ ہوں گے۔ وقوف عرفہ کے موقع پر تمام انتظامی و طبی سہولیات مکمل کر لی گئی ہیں۔ صفائی کے لیے اضافی عملہ تعینات کیا گیا ہے اور صفائی کی گاڑیوں کی منظم نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔ وزارت صحت کی جانب سے درجنوں طبی ٹیمیں میدان عرفات میں تعینات کی گئی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version