news

آپریشن سندور میں نقصانات کا بھارتی اعتراف

Published

on


بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انیل چوہان کی جانب سے آپریشن سندور کے دوران لڑاکا طیاروں کے نقصان کا اعتراف سامنے آنے کے بعد بھارتی سیاست میں شدید ہلچل مچ گئی ہے۔ شنگری لا ڈائیلاگ میں شرکت کے دوران بلومبرگ ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں جنرل چوہان نے تسلیم کیا کہ جھڑپوں کے دوران بھارتی فضائیہ کے طیارے تباہ ہوئے، اور اہم سوال یہ ہے کہ یہ نقصان کن کوتاہیوں کے باعث ہوا۔ ان کے اس بیان پر کانگریس نے سخت ردعمل دیا ہے اور صدر ملکارجن کھرگے کی قیادت میں اپوزیشن نے مودی حکومت پر قومی سلامتی کے نام پر حقائق چھپانے کا الزام عائد کرتے ہوئے فوری طور پر پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

کانگریس رہنما منوج کمار نے کہا کہ مودی حکومت نے عوام کو گمراہ کیا اور صرف دو ہفتوں میں 12 مرتبہ موقف بدلا۔ یونین منسٹر گجیندر سنگھ شکھاوت نے بھی سوال اٹھایا کہ حکومت عوام کو سچ سے کیوں دور رکھ رہی ہے۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ آپریشن سندور کے بعد کے حقائق کو چھپانا عوام اور ملک دونوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔

دریں اثنا، جنرل چوہان نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو بھی غیر حقیقی قرار دیا کہ امریکہ نے پاک بھارت ایٹمی جنگ روکی تھی۔ انہوں نے چینی ہتھیاروں کو بھی کمزور ثابت کرنے کی کوشش کی، تاہم زمینی حقائق اور پاکستان کے مؤقف نے عالمی سطح پر بھارتی بیانیے کو کمزور کر دیا۔ بھارت کے اس اعتراف نے پاکستان کی جانب سے کیے گئے دفاعی اقدامات کو بین الاقوامی سطح پر مزید تقویت دی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version