news
وزیراعظم شہباز شریف ایران کا دورہ مکمل کر کے آذربائیجان روانہ
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کا دو روزہ اہم دورہ مکمل کر لیا اور اب وہ آذربائیجان کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی، پاکستان اور ایران کے سفیروں سمیت اعلیٰ حکام نے انہیں الوداع کیا۔ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقاتیں کیں جن میں پاک-ایران تعلقات، تجارت، علاقائی روابط، اور سیکیورٹی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقاتوں میں بھارت کی پاکستان پر مسلط کردہ جنگ اور خطے میں ایران کی امن کوششوں کو سراہا گیا۔ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت اور فوری جنگ بندی پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم اب اپنے چار ملکی دورے کے تیسرے مرحلے میں آذربائیجان روانہ ہو چکے ہیں، جہاں وہ صدر الہام علیوف سے ملاقات کریں گے، جبکہ آخری مرحلے میں وہ تاجکستان بھی جائیں گے۔