news
پاکستان کا نریندر مودی کے اشتعال انگیز بیان پر ردعمل | عالمی برادری سے نوٹس کا مطالبہ
پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی گجرات میں دی گئی حالیہ انتخابی تقریر پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے نفرت انگیز، اشتعال انگیز اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی واضح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے ایک بیان میں کہا کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس ملک کے وزیراعظم کی طرف سے اس نوعیت کا غیر ذمہ دارانہ بیان انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت مؤثر اور مناسب جواب دینے کا مکمل حق رکھتا ہے۔ ترجمان کے مطابق نریندر مودی کے یہ بیانات دراصل بھارت میں جاری انتہا پسند ہندوتوا نظریے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں، اور اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔ پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس خطرناک بیان بازی کا سنجیدگی سے نوٹس لے کیونکہ اس طرح کے بیانات نہ صرف جنوبی ایشیا کے امن کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں بلکہ اقوام متحدہ کے اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہیں، جو طاقت کے استعمال اور دھمکی کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پرامن بقائے باہمی، باہمی احترام اور خودمختاری کی بنیاد پر تعلقات چاہتا ہے لیکن اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔