news

محمد اورنگزیب: وفاقی بجٹ میں تنخواہوں پر فیصلہ زیر غور، آئی ایم ایف سے تعاون جاری

Published

on

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واضح کیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں سول اور ملٹری تنخواہوں میں اضافے یا تبدیلی سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی کیونکہ یہ صرف افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف مشن پاکستان سے واپس جا چکا ہے، تاہم رواں ہفتے ورچوئل مذاکرات جاری رہیں گے۔ ان کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کے تمام اہداف کامیابی سے پورے کیے، اور اگر ایسا نہ ہوتا تو مسائل جنم لیتے۔ وزیر خزانہ نے انکشاف کیا کہ آئی ایم ایف بورڈ میں پاکستان کے قرض پروگرام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن پاکستان کا کیس میرٹ پر سنا گیا۔

بینکنگ کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کی معاشی بہتری پر حیران ہے، اور پالیسی ریٹ میں کمی سے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن سے ٹیکس نظام میں شفافیت آ رہی ہے اور انسانی مداخلت کم ہو رہی ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے اور ٹیکس کا عمل آسان بنانے پر کام کر رہی ہے، ساتھ ہی پنشن اصلاحات بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی کو بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے نمٹنے کے لیے بھی جامع اصلاحات کی جا رہی ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت معیشت کے طویل المدتی استحکام کے لیے پرعزم ہے، اور عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version