news
ڈونلڈ ٹرمپ کا پیوٹن پر شدید تنقید: وہ پاگل ہو گیا ہے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کو یوکرین پر بڑے فضائی حملے کے بعد سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں “پاگل” قرار دے دیا۔ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ پیوٹن کو ایک طویل عرصے سے جانتے ہیں اور ماضی میں ان کے ساتھ اچھے تعلقات رہے ہیں، لیکن اب پیوٹن جس طرح یوکرین کے شہروں پر حملے کر رہے ہیں، یہ قابل قبول نہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق پیوٹن کا پورے یوکرین پر قبضے کا خواب روس کے زوال کا باعث بنے گا۔
دوسری جانب، ٹرمپ نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے بیانات کو بھی ان کے ملک کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں مزید اشتعال انگیزی سے گریز کرنا چاہیے۔
یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب روس نے یوکرین پر ایک ہی رات میں 367 ڈرون اور میزائل داغے، جو 2022 میں جنگ کے آغاز کے بعد سب سے بڑا حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس حملے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ کئی علاقوں میں فضائی حملوں کے خطرے کے پیش نظر سائرن بجائے گئے۔
یوکرینی صدر زیلنسکی نے امریکہ کی خاموشی کو روسی جارحیت کی حوصلہ افزائی قرار دیا اور روس پر مزید اقتصادی پابندیوں کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پیوٹن کے درمیان ایک طویل فون کال بھی ہوئی جس میں امریکہ کی تجویز کردہ جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹرمپ نے اس بات چیت کو “مثبت” قرار دیا جبکہ یوکرین نے 30 روزہ جنگ بندی کی حمایت کی ہے اور روس کی جانب سے بھی امن مذاکرات کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔